راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کونشانہ پرلیا،سات مہلوکین رجسٹرڈکیوں نہیں تھے،سرجیوالانے گھیرا
نئی دہلی،11؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ا یس انڈیا )کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے امرناتھ یاتریوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کو لے کر حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے اسے سنگین اور ناقابل قبول سیکورٹی چوک قرار دیا۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس کی ذمہ داری لینے کامطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان دہشت گردوں سے کبھی نہیں ڈرے گا۔کانگریس نائب صدر نے ٹوئٹ کیا کہ یہ سنگین اور ناقابل قبول سیکورٹی چوک کا معاملہ ہے،وزیر اعظم کو ذمہ داری قبول کرنی چاہیے اور اس طرح کے واقعات کے تکرارکو روکا جانا چاہیے ،ہندوستان کبھی ان بزدلانہ دہشت گردوں سے نہیں ڈرے گا،حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالانے کہاکہ حملہ، حکومت اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک سنگین سیکورٹی غفلت کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں دہشت گردوں نے جس بس پر حملہ کر کے سات عقیدت مندوں کو قتل کیا ہے، وہ امرناتھ شرائن بورڈ میں رجسٹرڈ نہیں ہیں اور امرناتھ یاتریوں کو لے کر جانے والی گاڑیوں کے لیے متعینہ وقت کی حد شام کے بعد جا رہی بس میں حفاظتی بھی کوئی اقدام نہیں تھا۔اس گھناؤنے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایسی چوک دہشت گردوں کو تیرتھ یاتریوں پر حملہ کرنے کا موقع دیتی ہے،وزیر اعظم کو جواب دینا چاہیے ۔انہوں نے وادی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کا حوالہ دیا اورمعاملے کی مقررہ میعاد میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔غورطلب ہے کہ دہشت گردوں نے کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک بس پر حملہ کرکے چھ خواتین سمیت سات تیرتھ یاتریوں کے قتل کر دیا تھا اور حملے میں 19دیگر زخمی ہو گئے تھے۔2001کے بعد سے سالانہ تیرتھ یاتریوں پر یہ سب سے بڑا حملہ تھا۔